جمعرات 1 اکتوبر 2026 - 13:26
اساتذہ قوموں اور معاشروں کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے پیش نظر ضروری ہے کہ ایک دوسرے کے نظریات اور آراء کو برداشت کیا جائے اور اختلافات کے حل کے لیے عدم تشدد کا راستہ اختیار کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یومِ بزرگاں(یکم اکتوبر)، عالمی یومِ عدم تشدد (دو اکتوبر) اور عالمی یومِ اساتذہ (پانچ اکتوبر) کے موقع پر جاری اپنے پیغامات اور مختلف شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: اقوام کی کامیابی میں بزرگ شہریوں کی تکریم، عدم تشدد اور اساتذہ کا احترام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا: ان تینوں بین الاقوامی اصولوں کو جس طرح پامال کیا جا رہا ہے، وہ دنیا میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کی عکاسی کرتا ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے پیش نظر ضروری ہے کہ ایک دوسرے کے نظریات اور آراء کو برداشت کیا جائے اور اختلافات کے حل کے لیے عدم تشدد کا راستہ اختیار کیا جائے۔ عدم برداشت ہی انتہاپسندی اور شدت پسندی کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا: اسلام امن، سلامتی، آشتی اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے جبکہ موجودہ دور میں طاقت کے بے جا استعمال، اپنے مفادات کو مقدم رکھنے اور شہروں سے ریاستوں تک کو یرغمال بنانے کے رجحانات نے دنیا میں بے امنی کو فروغ دیا ہے۔ دوسری جانب دلائل کے بجائے گالی اور مکالمے کے بجائے تشدد کا کلچر عدم برداشت کو مزید تقویت دے رہا ہے۔

بزرگ شہری معاشرے کا قابل احترام حصہ ہیں

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یکم اکتوبر، عالمی یومِ بزرگاں کے موقع پر کہا: بزرگ شہری ہر معاشرے میں قابل احترام افراد ہیں اور اسلام نے بھی ان کے احترام اور تکریم پر خصوصی زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا: بزرگوں کی عزت و تکریم نہ صرف اخلاقی فریضہ ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے کی بنیادی شناخت بھی ہے۔

اساتذہ قوموں اور معاشروں کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں

علامہ سید ساجد علی نقوی نے ریاستوں، حکومتوں اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ برداشت، عدم تشدد، صبر و تحمل اور مکالمے کو فروغ دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور صرف عالمی ایام منانے تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے معاشرے میں پائیدار امن اور برداشت کی فضا قائم کی جائے۔

اساتذہ قوموں اور معاشروں کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پانچ اکتوبر، عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر کہا: اساتذہ کا دن نہایت احترام اور جذبے کے ساتھ منایا جانا چاہیے کیونکہ اساتذہ قوموں اور معاشروں کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نئی نسل کی تربیت، رہنمائی اور کردار سازی کا فریضہ بھی انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا: دنیا کی ترقی یافتہ تہذیبوں، معاشروں اور ریاستوں کی تشکیل میں اساتذہ کا کلیدی کردار رہا ہے۔ اساتذہ شبانہ روز محنت کے ذریعے نئی نسل کو علم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت اور شخصیت سازی کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ کا احترام ہر مہذب معاشرے اور مذاہب میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جبکہ قرآن کریم کے آفاقی پیغام نے علم اور تعلیم کو غیر معمولی اہمیت عطا کی ہے۔ مشرقی معاشروں کی روایات میں بھی اساتذہ کرام کو خصوصی مقام حاصل رہا ہے۔

ایران، فلسطین، لبنان اور غزہ میں انسانی و تعلیمی مراکز کو نشانہ بنانے پر تشویش

علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطے بالخصوص ایران، فلسطین، لبنان اور غزہ کے مظلوم عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تعلیمی ادارے ہوں یا اساتذہ، طلبہ، کم سن بچے، شیر خوار یا بزرگ شہری، انہیں تشدد اور ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ عالمی اداروں کی خاموشی بھی باعثِ تشویش ہے۔

انہوں نے کہا: مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال کے دوران بزرگوں، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے تقدس کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی جانوں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے مؤثر عملی اقدامات کیے جائیں اور دنیا میں امن، برداشت، باہمی احترام اور عدم تشدد کے فروغ کو یقینی بنایا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha